باندی کی حکمت کا واقعہ

قرآن کریم میں اللہ تعالی نے مومنین متقین کی خاص صفات وعلامات بتلائی ہیں جن میں سے ایک یہ ہے وہ غصہ کو پی لیتے ہیں . اس آیت کریمہ کی تفسیر میں علامہ آلوی رحمہ اللہ نے سید السادات حضرت امام زین العابدین کا ایک عجیب واقعہ نقل کیا ہے کہ ’’امام زین العابدین رحمہ اللہ کی ایک کنیز آپ کو وضو کرارہی تھی کہ اچانک پانی کا برتن اس کے ہاتھ سے چھوٹ کر امام زین العابدین کے اوپر گرا آپ کے تمام کپڑے بھیگ گئے ۔غصہ آناطبیعی امر تھا۔

کنیز کو خطرہ ہوا تو اس نے فورا یہ آیت پڑھی والكظمين الغيظ (وہ اپنے غصہ کو پی جاتے ہیں) یہ سنتے ہی آپ کا سارا غصہ ٹھنڈا ہو گیا بالکل خاموش ہو گئے ۔اس کے بعد کنیز نے آیت کا دوسرا جملہ والعافين عن الناس (لوگوں کو معاف کرتے ہیں پڑھ دیا۔ آپ نے فرمایا: میں نے تجھے دل سے معاف کر دیا ۔ پھر اس نے تیسرا جملہ بھی سنا دیا ۔واللہ يحب المحسنين (اللہ احسان کرنے والوں کو پسند فرماتے ہیں ) امام زین العابدین رحمہ اللہ نے یہ سن کر فرمایا کہ جامیں نے تجھے آزاد کر دیا .

‘‘ (روح المعانی ج۲ص۵۹)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

%d bloggers like this: